ٹرانسپورٹرز نے انٹرسٹی کرایوں میں اضافے کا اعلان کردیا

نٹرسٹی کرایوں میں اضافے کا اعلان، لاہور سے مختلف شہروں کے کرایے بڑھے

ویب ڈیسک

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے خود ساختہ طور پر انٹرسٹی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں لاہور سے مختلف شہروں کے کرایے ہزاروں روپے بڑھ گئے، جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 3000 روپے سے بڑھا کر 4000 روپے کر دیا گیا، جبکہ لاہور سے پشاور کا کرایہ 3500 سے 4600 روپے، لاہور سے سرگودھا 1550 سے 2550 روپے، اور لاہور سے فیصل آباد 1350 سے 2350 روپے کر دیا گیا۔

کراچی جانے والے مسافروں کے لیے بھی کرایہ بڑھا کر 8600 سے 12,000 روپے کر دیا گیا، جبکہ لاہور سے رحیم یار خان کے لیے کرایہ 4250 سے 5300 روپے، لاہور سے مری 3300 سے 4500 روپے، اور لاہور سے ملتان 2800 سے 3700 روپے مقرر کیا گیا۔

سیکرٹری آر ٹی اے کے مطابق، کرایوں میں فی الحال سرکاری سطح پر کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ نئی کرایوں کی فہرست ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد مرتب کی جا رہی ہے اور یہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناسب سے ہی حتمی شکل اختیار کریں گی۔

واضح رہے کہ پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کیے گئے یہ خود ساختہ اضافے عوام کے لیے فوری مالی بوجھ پیدا کر رہے ہیں اور حکومت و متعلقہ محکموں سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ جلد از جلد درست اقدامات کر کے کرایوں کی نئی فہرست جاری کریں۔

 

More News