پاکستان اور قازقستان نے تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے 37 مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، علاقائی روابط، توانائی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
قازق وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یرمیک کوشیربایف نے اسحاق ڈار کو قازقستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔








