خیبرپختونخوا میں دہشتگردی پر قابو پانا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں، فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کو تسلیم نہ کرنے والوں سے کوئی بات نہیں ہوگی، ملک اور خیبرپختونخوا میں امن کا قیام اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ نہیں کرسکتی اور اس وقت اسلام آباد جانے سے گریز کر رہی ہے۔ ان کے بقول جب میدان سجے گا تو صورتحال واضح ہوجائے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی صرف میڈیا پر بیانات دے رہی ہے اور گرفتاریوں سے بچنے کے لیے گرفتاریاں دے رہی ہے، جبکہ ان کے مطابق عوام بھی ان کے ساتھ نہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے حوالے سے کہا کہ صوبے میں دہشتگردی کو کنٹرول کرنا ہوگا اور دہشتگردوں و ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
گورنر نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی پر قابو پانا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر ہونی چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ آئین میں گورنر راج نافذ کرنے کا آپشن موجود ہے، تاہم صوبے میں موجودہ حالات کے تناظر میں دہشتگردی پر قابو پانا اور امن قائم کرنا ضروری ہے۔








