چین کی ڈیپ سیک نے امریکی کمپنیوں کے مقابلے میں نیا اے آئی سپر ایجنٹ متعارف کرا دیا

چین کی ڈیپ سیک نے امریکی کمپنیوں کے مقابلے میں نیا اے آئی سپر ایجنٹ متعارف کرا دیا

بیجنگ: چین کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کمپنی ڈیپ سیک نے اپنا نیا ٹول ’سپر ایجنٹ‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد سافٹ ویئر انجینئرنگ کے عمل کو آسان بنانا اور ڈویلپرز کا قیمتی وقت بچانا ہے۔

نیا اے آئی ایجنٹ خصوصی طور پر کوڈنگ کے عمل میں معاونت کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اسے امریکی کمپنیوں انتھروپک کے ’کلاڈ کوڈ‘ اور اوپن اے آئی کے اے آئی ایجنٹس کے مقابلے میں پیش کیا گیا ہے۔

عام اے آئی چیٹ بوٹس کے برعکس ڈیپ سیک کا سپر ایجنٹ خودکار انداز میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ گروپ چیٹس میں ہونے والی گفتگو کا مشاہدہ کرکے پروگرامنگ کے دوران پیش آنے والے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے اور صارف کی جانب سے مدد طلب کرنے سے پہلے ہی ممکنہ حل تجویز کر سکتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے گٹ ہب پر جاری کردہ یوزر گائیڈ کے مطابق اس ٹول کا بنیادی مقصد کم سے کم انسانی ہدایات کے ساتھ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

ڈیپ سیک نے اپنا یہ نیا اے آئی ٹول چینی میسجنگ پلیٹ فارم وی چیٹ میں متعارف کرایا ہے۔ اس پیش رفت کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی کمپنیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے مقابلے کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ڈیپ سیک اپنے کم لاگت والے اے آئی چیٹ بوٹس کے باعث پہلے ہی عالمی سطح پر توجہ حاصل کر چکی ہے۔ کمپنی کے تیار کردہ ماڈلز نے کم وسائل میں جدید اے آئی صلاحیتیں فراہم کرنے کے حوالے سے ٹیکنالوجی کی دنیا میں نمایاں دلچسپی پیدا کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مزید پیش رفت کے لیے سرمایہ بھی اکٹھا کر رہی ہے اور حال ہی میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

More News