پنجاب میں کچی رسیدوں پر مکمل پابندی، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کیلئے e-IMS لازمی قرار

پنجاب میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس پر کچی رسیدوں کے اجرا پر پابندی

حکومت پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز میں عارضی یا کچی رسیدیں جاری کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کے مطابق تمام متعلقہ کاروباری مراکز کے لیے e-IMS کے تحت قانونی رسید جاری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نئی ہدایات کے مطابق صارفین کو جاری کی جانے والی ہر رسید پر کاروبار کا نام، مکمل پتہ، رسید نمبر اور PRA QR کوڈ درج ہونا ضروری ہوگا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ کچن آرڈر سلپ، غیر ادا شدہ بل یا QR کوڈ کے بغیر جاری کی جانے والی کسی بھی رسید کو قانونی رسید تصور نہیں کیا جائے گا۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق e-IMS کے بغیر رسید جاری کرنے والے کاروبار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی پر 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے، جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کاروبار کو ایک ماہ کے لیے سیل بھی کیا جاسکتا ہے۔

حکام کے مطابق سیلز ریکارڈ میں خرد برد، مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے یا سرکاری کارروائی میں مداخلت کی صورت میں بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکومت پنجاب نے ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز سمیت تمام متعلقہ کاروباری مراکز کو ہدایت کی ہے کہ نئی رسیدوں کے نظام پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کاروباری لین دین کو دستاویزی بنانا، سیلز ریکارڈ میں شفافیت لانا اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

More News