پیٹرول مزید مہنگا، جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

پیٹرول مزید مہنگا، جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

لاہور: پیٹرولیم لیوی اور پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں دھرنے تیسرے روز بھی جاری ہیں، جبکہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو قیمت میں اضافہ واپس لینے کے لیے الٹی میٹم دے دیا۔

لاہور میں دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت نے رات گئے پیٹرول کی قیمت میں مزید 5 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا، اگر یہ اضافہ فوری واپس نہ لیا گیا تو کل ملک گیر ہڑتال کی کال دی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مسلسل عوام میں غم و غصہ بڑھا رہی ہے، پیٹرول کے ہر لیٹر پر عوام سے بھاری لیوی اور ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں، حکومت زبردستی عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈال رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے بلوں پر بھاری ٹیکسز عائد ہیں، آٹا 160 روپے کلو اور روٹی 25 روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ مہنگائی کے باعث کسان بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق ڈی اے پی اور یوریا کھاد بھی کسانوں کی پہنچ سے دور ہوچکی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے ایف بی آر میں مبینہ کرپشن پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نئے صوبوں کے قیام کے خلاف نہیں، تاہم نئے انتظامی یونٹس آئین کے مطابق بننے چاہئیں۔ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی قرارداد منظور ہونے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی سوال اٹھایا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پنجاب میں طویل عرصے سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائے بغیر عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے موجودہ دھرنوں کو حکومت کی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ ان قوتوں کے خلاف بھی احتجاج قرار دیا جو موجودہ حکومتوں کے قیام کا سبب بنتی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کل پشاور جائیں گے، جس کے بعد کراچی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کریں گے، جبکہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس نہ لینے کی صورت میں ملک گیر ہڑتال کی کال دینے کا امکان ہے۔

دوسری جانب لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان حیات باجوہ نے چیئرنگ کراس پر جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کی اور جماعت اسلامی کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا

More News

Breaking

آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت،ایت نور کےوالد آبدیدہ ، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم

آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم ہری پور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

Read More »