پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان گورنر ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال سمیت ممکنہ اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے اور ممکنہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ممکنہ لانگ مارچ کے تناظر میں صوبے کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات، اہم شاہراہوں اور موٹروے کی ممکنہ بندش سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خیبر پختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ ملاقات میں بالخصوص جنوبی اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ممکنہ سیاسی سرگرمیوں اور لانگ مارچ کی صورت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ اسلام آباد لانگ مارچ کی صورت میں سیکیورٹی اداروں کو متحرک رکھنے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے سمیت مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔








