پی ٹی آئی لانگ مارچ شروع، خیبرپختونخوا پولیس الرٹ
خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے آغاز کے بعد صوبائی پولیس کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں لکی مروت سے لانگ مارچ کا آغاز ہوا، جس میں اراکین پارلیمنٹ اور کارکنان شریک ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے کی سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے۔ دیگر اضلاع کی پولیس لائنز سے اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور صوبائی وزراء کی جانب سے لانگ مارچ کے دوران ہیلی کاپٹر اور دیگر سرکاری وسائل کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ذرائع کے مطابق اسے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
دوسری جانب لانگ مارچ کے پہلے مرحلے میں لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور بنوں سے کارکنان شریک ہیں۔ لانگ مارچ کے شرکا نے آج رات کرک کے قریب قیام کرنا ہے۔








