کبل دھماکے کی گورنر خیبرپختونخوا کی مذمت، شفاف تحقیقات کا مطالبہ
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
گورنر نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پولیس کو نشانہ بنانے والے امن دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ پوری قوم اپنے بہادر پولیس اہلکاروں اور افواجِ پاکستان کے جوانوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ گورنر نے واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا۔








