کراچی سے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر گرفتار، سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن
کراچی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے شہر میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے وابستہ ایک انتہائی مطلوب مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم سید محمد عسکری عابدی کا نام ریڈ بک ایڈیشن 10 میں انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا اور وہ طویل عرصے سے روپوش تھا۔
سی ٹی ڈی نے جمعے کو جاری بیان میں بتایا کہ کارروائی کراچی کے ایک وفاقی سول حساس ادارے کے تعاون سے کی گئی۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سپاہ محمد سے بتایا جاتا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ اور ایک کلاشنکوف بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم مبینہ طور پر کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کا کہنا ہے کہ محمد عسکری نے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے بارے میں انکشافات کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر پہلے اہداف کی ریکی کرتا اور اس کے بعد انہیں نشانہ بناتا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات بھی درج ہیں۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے مبینہ ساتھیوں، سہولت کاروں اور نیٹ ورک تک رسائی کے لیے کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں کراچی میں موجود دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف مزید کارروائیوں کا امکان ہے۔








