گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس میں اہم پیش رفت، ملزم کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قتل کیس میں گرفتار ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ملزم کو پہلے سے دیے گئے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے روبرو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت تفتیشی حکام نے مزید تحقیقات کے لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔
پراسیکیوٹر نوید کیانی نے عدالت کو بتایا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قتل میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ مبینہ طور پر ملزم نے واردات کے بعد اسلحہ چھپا دیا تھا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم سے موبائل فون کی برآمدگی سمیت دیگر اہم شواہد کا حصول ابھی باقی ہے، جس کے لیے مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت سے ملزم کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم سعد عباسی کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے 3 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ حکام کی جانب سے برآمد ہونے والے شواہد اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔








