گوگل کے زیرِ اہتمام لاہور میں تھنک ایپس 2026 کا انعقاد، پاکستانی ایپ اور گیمنگ انڈسٹری کے فروغ پر توجہ
لاہور: گوگل کے زیرِ اہتمام تھنک ایپس 2026 کا انعقاد لاہور کے تاریخی شاہی قلعے میں ہوا، جس میں پاکستان کی ایپ اور گیمنگ انڈسٹری سے وابستہ ڈویلپرز، ماہرین اور عالمی و علاقائی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ذریعے پاکستانی ڈیجیٹل صنعت کی ترقی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے مواقع اجاگر کرنا تھا۔
تقریب میں بتایا گیا کہ پاکستانی ڈویلپرز کی تیار کردہ ایپس اور ڈیجیٹل مصنوعات کو گزشتہ 12 ماہ کے دوران دنیا بھر میں 4.6 ارب مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔ یہ پیش رفت پاکستان کی ڈیجیٹل برآمدات میں اضافے اور مقامی ٹیکنالوجی کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی رسائی کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب کے دوران ماہرین نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مصنوعی ذہانت کس طرح ایپس اور گیمز کی تیاری کے عمل کو تیز، تخلیقی مواد کو بہتر اور صارفین کے تجربے کو مؤثر بنا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ کاروبار میں توسیع، صارفین کی دلچسپی برقرار رکھنے اور آمدنی بڑھانے کی حکمتِ عملیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گوگل کے پاکستان، فلپائن، تھائی لینڈ اور فرنٹیئر مارکیٹس کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستانی ڈویلپرز کی عالمی کامیابیاں ان کی صلاحیتوں اور بلند عزائم کا ثبوت ہیں۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز مقامی اسٹوڈیوز کو عالمی سطح پر مسابقتی مصنوعات تیار کرنے اور کاروبار کو پائیدار ترقی دینے میں مدد دے سکتے ہیں۔
گوگل نے ڈویلپرز کی معاونت کے لیے ’’Build, Yield and Scale‘‘ روڈ میپ بھی پیش کیا، جس میں مصنوعات کی تیاری، صارفین تک رسائی اور آمدنی میں اضافے کے مختلف طریقوں کو اجاگر کیا گیا۔ گوگل کلاؤڈ اے آئی، گوگل ایڈز، ایڈ موب اور گوگل پلے جیسے پلیٹ فارمز کو اس سلسلے میں اہم قرار دیا گیا۔
کمپنی کے مطابق 2028 تک ایک لاکھ ڈویلپرز کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔ مزید برآں، پانچ لاکھ کروم بکس کی مقامی تیاری کو ممکن بنانے اور ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کے ذریعے دو لاکھ خاندانوں کو آن لائن تحفظ کی تربیت دینے کے اقدامات بھی ڈیجیٹل ترقی کے منصوبوں میں شامل ہیں۔








