گڈز ٹرانسپورٹرز کا حکومت سے گاڑیوں اور کنٹینرز کا معاوضہ دینے کا مطالبہ

گڈز ٹرانسپورٹرز کا حکومت سے گاڑیوں اور کنٹینرز کا معاوضہ دینے کا مطالبہ

اسلام آباد: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاج مؤخر کیے جانے کے باوجود اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں تحویل میں لی گئی گڈز ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں فوری طور پر ریلیز کی جائیں اور مالکان کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔

محمد اویس چوہدری کے مطابق لاہور سے مزید تقریباً 200 گاڑیاں پکڑ کر اسلام آباد منتقل کی گئی ہیں، جبکہ ان کے کنٹینرز بھی اتارے جا رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں تحویل میں لی گئی گاڑیوں کی مجموعی تعداد 2500 سے تجاوز کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے سے حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ لوڈ گاڑیاں فوری طور پر ریلیز کی جائیں، جبکہ خالی گاڑیوں کے مالکان کو ہونے والے نقصان کا مناسب ازالہ کیا جائے۔

صدر ایسوسی ایشن نے وزراء کی جانب سے معاوضے کی ادائیگی کے دعووں کا حوالہ دیتے ہوئے 2013 سے اب تک ادا کی گئی رقوم کا شفاف آڈٹ اور تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاوضہ کسی ایسوسی ایشن، کنٹریکٹر یا تھرڈ پارٹی کے ذریعے نہیں بلکہ براہ راست ان گاڑی مالکان کو ادا کیا جائے جن کی گاڑیاں تحویل میں لی گئی ہیں۔

محمد اویس چوہدری کے مطابق گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے باعث سپلائی چین متاثر ہورہی ہے اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے گاڑیاں ریلیز کی جائیں اور ٹرانسپورٹرز کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرے تاکہ انہیں کسی سخت اقدام پر مجبور نہ ہونا پڑے۔

More News