گیس کی کمی؛ سی این جی سیکٹر متاثر، بجلی کی پیداوار پر خدشات
اسلام آباد:ویب ڈیسک
ملک میں گیس کی کمی کے باعث سی این جی سیکٹر کی فراہمی بند ہونے اور بجلی کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ اپریل سے ملک بھر کے پاور پلانٹس کو صرف 80 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دستیاب ہوگی، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مارچ میں ملنے والی 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور ایل این جی کی فراہمی بند ہو جائے گی، اور سی این جی سیکٹر کے لیے گیس مکمل طور پر بند کیے جانے کا امکان ہے۔ پاور سیکٹر کو 25 سے 30 ایم ایم سی ایف ڈی گیس منتقل کی جائے گی جبکہ فرٹیلائزر سیکٹر کی گیس بھی ممکنہ طور پر بجلی کی پیداوار کے لیے مختص کی جا سکتی ہے۔
مزید برآں، کوئلے سے پیدا ہونے والی 1500 سے 1800 میگاواٹ بجلی بھی خطرے میں ہے، جس کے نتیجے میں 10 سے 15 فیصد بجلی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔ ساہیوال اور جامشورو کے پلانٹس کوئلے کی قلت کا شکار ہیں اور موجودہ ذخیرہ صرف 3 سے 7 دن کے لیے کافی ہے، جس کے باعث مزید 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا امکان ہے۔
دوسری جانب ایس ایس جی سی کو بھی گیس کی کمی کا سامنا ہے۔ ترجمان کے مطابق دو گیس فیلڈز میں تکنیکی وجوہات کی وجہ سے گیس کی فراہمی میں کمی ہوئی ہے۔ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس غیر متوقع قلت کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔








