یورپی کونسل کے صدر کا وزیراعظم کو فون، جنگ بندی کیلئے کوششوں پر پاکستان کے کردار کی تعریف

یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کا وزیراعظم سے رابطہ، پاکستان کی امن کوششوں کی تعریف

اسلام آباد: یورپی کونسل کے صدر نے وزیراعظم سے ٹیلیفونک گفتگو میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بحران کے حل کیلئے مکالمے اور سفارت کاری پر زور دیا۔

وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے آگاہ کیا جبکہ صدر یورپی کونسل نے امن کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ یورپی یونین استحکام کیلئے سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔

گفتگو میں مؤخر ہونے والے دورہ برسلز، اپریل 2026 میں اسلام آباد میں پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم، اور باہمی تعاون پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر یورپی کونسل نے کہا کہ صرف مکالمہ اور سفارت کاری ہی مشرقِ وسطیٰ میں اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے ساتھ پائیدار امن و استحکام یقینی بنا سکتے ہیں۔

More News