2025 کے دوران ایک کروڑ 80 لاکھ عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد، پاکستان دوسرے نمبر پر
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے سال 2025 کے دوران عمرہ زائرین سے متعلق سالانہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر سے ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد نے سعودی عرب پہنچ کر عمرے کی سعادت حاصل کی۔ وزارت کے مطابق یہ تعداد اب تک کی ریکارڈ سطح ہے، جو سعودی حکومت کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی جدید سہولیات، ڈیجیٹل نظام اور بہتر انتظامات کا نتیجہ ہے۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین کی تعداد کے لحاظ سے مصر پہلے، پاکستان دوسرے جبکہ انڈونیشیا تیسرے نمبر پر رہا۔ اس کے علاوہ بھارت، ترکی، الجزائر، ملائیشیا، عراق، اردن اور بنگلہ دیش سمیت مجموعی طور پر 10 ممالک سے بڑی تعداد میں مسلمانوں نے عمرہ ادا کیا۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان سے ہر سال لاکھوں افراد عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں، جس کے باعث پاکستان مسلسل نمایاں ممالک میں شامل رہتا ہے۔
وزارت کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد زائرین نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دی اور روضۂ رسول ﷺ پر سلام پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس کے علاوہ سعودی حکومت نے زائرین کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود 87 تاریخی، ثقافتی اور اسلامی اہمیت کے حامل مقامات کو بھی کھول رکھا، جہاں سال بھر میں 5 کروڑ 50 لاکھ سے زائد وزٹس ریکارڈ کیے گئے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ٹرانسپورٹ، رہائش، صحت، سیکیورٹی اور ڈیجیٹل خدمات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزارت نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی زائرین کے سفر کو مزید آسان، محفوظ اور آرام دہ بنانے کے لیے جدید منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا۔








