ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلاف الرٹ جاری
31 اگست سے 4 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کے بعد خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 اگست کی رات سے 4 ستمبر تک بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی آنے کا امکان ہے۔ اس کے نتیجے میں گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ جھیلوں کے پھٹنے کی صورت میں اچانک سیلاب اور تیز پانی کے بہاؤ کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کرتے ہوئے حساس گلیشیئر جھیلوں اور گلاف کے ممکنہ مقامات کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو بروقت وارننگ جاری کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو خطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے بھی 30 اگست سے 4 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے پیشگوئی جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ مری، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا اور گجرات میں بھی بارش متوقع ہے۔
سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور مانسہرہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی گرج چمک، آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، مظفرآباد، نیلم ویلی، پونچھ، باغ، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






