سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے ساتھ سبزیاں بھی اگانا ہوں گی، محکمہ تعلیم کی سخت ہدایات
موسمی سبزیوں کی کاشت، دیکھ بھال اور روزانہ تصاویر شیئر کرنے کی ہدایت
مظفرگڑھ: سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ اب موسمی سبزیوں کی کاشت بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے میں اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں میں موسمی سبزیوں کی کاشت یقینی بنائی جائے۔ اس مقصد کے لیے ہر اسکول میں سبزیوں کی کاشت اور ان کی دیکھ بھال کے لیے ایک ذمہ دار شخص بھی مقرر کیا جائے۔
مراسلے کے مطابق اسکول انتظامیہ سبزیوں کی مناسب نگہداشت اور بروقت پانی کی فراہمی یقینی بنائے گی، تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جاسکے۔ جن اسکولوں میں پہلے کاشت کی گئی سبزیوں کی پیداوار تسلی بخش نہیں رہی، وہاں دوبارہ سبزیاں اگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے اسکول انتظامیہ کو سبزیوں کی کاشت اور نگہداشت کے عمل کی باقاعدہ نگرانی کرنے کا بھی پابند کیا ہے۔ اس کے علاوہ اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ کاشت کی گئی سبزیوں اور ان کی روزانہ دیکھ بھال کی تصاویر بھی شیئر کی جائیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسکولوں میں سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینے کے ساتھ طلبہ کو عملی سرگرمیوں کے ذریعے ماحول، زراعت اور پودوں کی نگہداشت سے روشناس کرانا بھی ہے۔
محکمہ تعلیم نے تمام ہیڈ ماسٹرز اور اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ جاری کردہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سبزیوں کی کاشت و نگہداشت کے عمل میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔






