پاکستان اور سعودی عرب میں سائبر سیکیورٹی تعاون کا معاہدہ، سائبر خطرات سے نمٹنے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب میں سائبر سیکیورٹی تعاون کا معاہدہ، سائبر خطرات سے نمٹنے پر اتفاق

ریاض: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اہم تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، جس کے تحت دونوں ممالک سائبر خطرات سے نمٹنے، سائبر اسپیس کے تحفظ اور اہم مفادات کی حفاظت کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔

مفاہمتی یادداشت پر سعودی نیشنل سائبر سیکیورٹی اتھارٹی اور پاکستان کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے درمیان دستخط کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیرِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ جبکہ سعودی عرب کی جانب سے نیشنل سائبر سیکیورٹی اتھارٹی کے گورنر انجینئر ماجد المزید نے یادداشت پر دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک سائبر اسپیس اور اپنے اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون بڑھائیں گے۔ اس کے علاوہ تیزی سے تبدیل ہوتے اور ابھرتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے مہارت، تجربات اور معلومات کے تبادلے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

ڈیجیٹل شعبے میں تعاون بڑھانے پر گفتگو

وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے ریاض میں جاری عالمی ٹیکنالوجی کانفرنس ’لیپ 2026‘ کی سائیڈ لائنز پر ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن (ڈی سی او) کی سیکریٹری جنرل دیمہ الیحیٰ سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور ڈی سی او کے درمیان ڈیجیٹل شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی شراکت داری مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں ہونے والی یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں سائبر حملوں، ڈیجیٹل جرائم اور حساس معلومات کے تحفظ کے چیلنجز میں اضافہ ہورہا ہے۔

نئی مفاہمتی یادداشت سے دونوں ممالک کے درمیان سائبر سیکیورٹی، تکنیکی مہارت اور ڈیجیٹل تعاون کے شعبوں میں مزید اشتراک کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔

More News