جماعت اسلامی کی پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر ہڑتال، مختلف شہروں میں بازار بند

جماعت اسلامی کی پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر ہڑتال، مختلف شہروں میں بازار بند

جماعت اسلامی کی کال پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ جماعت اسلامی کا دعویٰ ہے کہ کراچی سمیت متعدد شہروں میں تاجروں کی مکمل حمایت حاصل ہے اور مختلف بازاروں و مارکیٹوں میں دکانیں بند ہیں۔

ہڑتال کی کال امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے گزشتہ روز لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کے دوران دی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں کے تاجروں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کراچی اور دیگر علاقوں میں بند دکانوں، بازاروں اور بعض پیٹرول پمپس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں، جن کے ذریعے ہڑتال کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

تاہم کراچی میں صورتحال کے حوالے سے مختلف تصویر سامنے آئی۔ مقامی رپورٹ کے مطابق شہر میں دکانیں اور بازار عمومی طور پر دیر سے کھلتے ہیں، اس لیے صبح کے اوقات کی ویڈیوز کو ہڑتال کی مکمل صورتحال کا حتمی عکاس قرار نہیں دیا جاسکتا۔ کراچی میں تعلیمی ادارے اور پیٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت میں کچھ کمی دیکھی گئی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے ہڑتال کے دوران امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ حکومتی مؤقف ہے کہ شرپسند عناصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور کسی بھی خلاف ورزی سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے، مہنگائی میں کمی اور دیگر مطالبات کے حق میں 15 اگست کو چاروں صوبوں میں احتجاجی دھرنوں کا آغاز کیا تھا۔ جماعت اسلامی کے مطابق مطالبات منظور نہ ہونے پر 18 روز بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی۔

ہڑتال کے باعث مختلف شہروں میں کاروباری سرگرمیوں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مطالبات اور مذاکرات کا معاملہ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

More News