انسٹاگرام کا اہم فیصلہ، اے آئی سے بنائے گئے جعلی پروفائلز کے خلاف سخت کارروائی
انسٹاگرام نے ایسے اکاؤنٹس کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے جو بظاہر حقیقی افراد کے پروفائلز دکھائی دیتے ہیں، لیکن درحقیقت مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تخلیق کیے گئے فرضی کرداروں پر مبنی ہوتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایسے اکاؤنٹس کے حوالے سے شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں بعض پروفائلز دیکھ کر یہ گمان ہوا کہ اکاؤنٹ کسی حقیقی شخص کا ہے، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ متعلقہ شخصیت حقیقت میں موجود ہی نہیں اور اس کی تصویر یا شناخت AI ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔
انسٹاگرام نے واضح کیا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس کو لازمی طور پر مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا، بلکہ صارفین کو ان کی اصل نوعیت سے آگاہ کرنے کے لیے پروفائل لیبل میں تبدیلی کی جائے گی۔ پلیٹ فارم پر موجود ’’AI Creator‘‘ لیبل کو تبدیل کرکے ’’AI Generated Profile‘‘ کردیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے تحت ایسے اکاؤنٹس جو فرضی AI شخصیات پر مشتمل ہوں اور مناسب لیبل استعمال نہ کریں، ان کی رسائی بھی محدود کی جاسکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں ان اکاؤنٹس کی پوسٹس کم صارفین تک پہنچیں گی اور ان کی مجموعی ریچ متاثر ہوسکتی ہے۔
انسٹاگرام کے مطابق یہ تبدیلی صارفین کی جانب سے موصول ہونے والے فیڈ بیک کے بعد کی گئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ AI سے تیار کردہ فرضی شخصیات اور پروفائلز کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے باعث صارفین کے لیے حقیقی اور مصنوعی شناخت میں فرق کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
انسٹاگرام نے رواں سال کے آغاز میں ’’AI Creator‘‘ لیبل کی آزمائش شروع کی تھی تاکہ AI سے تیار کردہ کرداروں اور پروفائلز کے بارے میں صارفین کو واضح معلومات فراہم کی جاسکیں۔
نئی پالیسی کا مقصد صارفین کو یہ سمجھنے میں مدد دینا ہے کہ ان کے سامنے موجود پروفائل کسی حقیقی فرد کا ہے یا مصنوعی ذہانت کے ذریعے تخلیق کی گئی فرضی شناخت پر مبنی ہے۔








