وزیراعظم آفس میں موک فائر اینڈ ریسکیو ڈرل، سائرن کی آواز کم ہونے کا انکشاف
اسلام آباد: وزیراعظم آفس میں کیپٹل ایمرجنسی سروسز کی جانب سے فائر اینڈ ریسکیو سسٹم کی عملی آزمائش کے لیے موک فائر اینڈ ریسکیو ڈرل کی گئی، جس کے دوران اہم حفاظتی خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔
موک ڈرل کے دوران فائر الارم اور سائرن کی آواز انتہائی کم ہونے کا انکشاف ہوا، جبکہ بجلی بند ہونے کی صورت میں الیکٹریکل گیٹ نہ کھلنے کا مسئلہ بھی سامنے آیا۔
حکام نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ایمرجنسی اور مینول اوور رائیڈ سسٹم فوری طور پر فراہم اور فعال کرنے کی ہدایت کردی، تاکہ بجلی کی بندش یا کسی ہنگامی صورتحال میں داخلی و خارجی راستوں کی رسائی متاثر نہ ہو۔
ڈرل کے دوران فائر کال موصول ہونے کے صرف ایک منٹ بعد ایمرجنسی ٹیموں کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے فوری رسپانس کا مظاہرہ کیا۔
فائر الارم صبح 11 بج کر 32 منٹ پر موصول ہوا، جس کے بعد جی فائیو سے فائر ٹینڈر صرف 4 منٹ میں وزیراعظم آفس پہنچ گیا۔
اسی طرح ریسکیو وین اور برونٹو اسکائی لفٹ بھی 9 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ موک فائر اینڈ ریسکیو ڈرل 11 بج کر 58 منٹ پر کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔
حکام کی جانب سے کیپٹل ایمرجنسی سروسز کی مجموعی فائر اینڈ ریسکیو رسپانس کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا گیا، تاہم ڈرل کے دوران سامنے آنے والی تکنیکی خامیوں کو دور کرنے اور ہنگامی حالات میں حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔








