صدر ٹرمپ نے امریکی آرمی سیکریٹری کے لیے ایڈم ٹیلی کو نامزد کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایڈم ٹیلی کو نیا امریکی آرمی سیکریٹری نامزد کردیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق وہ حال ہی میں مستعفی ہونے والے ڈین ڈرسکول کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ آرمی کے سول ورکس کے اسسٹنٹ سیکریٹری ایڈم ٹیلی کو قائم مقام امریکی آرمی سیکریٹری کے منصب پر فائز کردیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈین ڈرسکول نے وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے ساتھ اختلافات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، تاہم امریکی فوج یا مستعفی عہدیدار کی جانب سے استعفے کی واضح وجہ باضابطہ طور پر بیان نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی فوج کے اعلیٰ حلقوں میں حالیہ مہینوں کے دوران کئی اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جس سے دفاعی قیادت میں مسلسل ردوبدل نمایاں ہوا ہے۔
اس سے قبل رواں سال اپریل میں پیٹ ہیگسیتھ نے جنرل رینڈی جارج کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا، جبکہ جون میں یورپ اور افریقا میں تعینات امریکی فوج کے کمانڈر جنرل کرسٹوفر ڈونا ہیو نے بھی غیر متوقع طور پر استعفیٰ دے دیا تھا۔
ایڈم ٹیلی کی نئی ذمہ داری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی فوج میں اعلیٰ سطح پر قیادت اور انتظامی ڈھانچے میں متعدد تبدیلیاں جاری ہیں۔ ان کی تقرری کے بعد آرمی کے سول انتظامی امور اور پالیسی معاملات میں ان کے کردار پر بھی توجہ مرکوز رہے گی۔








