خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح کا سفر جاری رکھیں گے، وزیراعظم

خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح کا سفر جاری رکھیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا سفر جاری رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بھی ملاقات کی اور حالیہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو فوری امداد اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی۔

More News