ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ ملک کے دیگر جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بعض علاقوں کے زیرآب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو بارش کے دوران نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والی سڑکوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، اوکاڑہ، قصور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ شدید بارش کی صورت میں شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے بھی خبردار کیا ہے۔ مسلسل یا شدید بارش کے باعث پہاڑی سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

موسلادھار بارش کے ساتھ بعض علاقوں میں ژالہ باری، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خراب موسم کے دوران کمزور تعمیرات، کچے مکانات اور دیگر غیر محفوظ ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ موجود ہے۔

متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ ممکنہ بارش، شہری سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال کے پیش نظر ضروری احتیاطی اقدامات کریں۔ شہریوں کو بھی موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

More News