پی آئی اے پر ایک کروڑ سے زائد جرمانہ، مسافروں کو سامان کی تاخیر سے ترسیل پر کارروائی

پی آئی اے پر ایک کروڑ سے زائد جرمانہ، مسافروں کو سامان کی تاخیر سے ترسیل پر کارروائی

لاہور: پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے مسافروں کو نامناسب سہولیات اور سامان کی تاخیر سے ترسیل پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پر ایک کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا۔

ایکسپریس نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو جرمانے کا حکمنامہ جاری کیا، جس میں پروازوں کی آمد کے بعد مسافروں کو سامان بروقت فراہم نہ کرنے پر کارروائی کی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو 70 لاکھ روپے سے زائد جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر 14 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ پی آئی اے کو 25 ستمبر تک جرمانہ ادا کرنے کا حتمی حکم دیا گیا تھا، تاہم مقررہ مدت میں ادائیگی نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پی آئی اے کو متعدد مرتبہ انتباہ بھی کیا جاچکا ہے، تاہم آپریشنل بے ضابطگیوں اور گراؤنڈ ہینڈلنگ میں تاخیر کے باعث جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب پی آئی اے حکام نے سامان کی ترسیل میں تاخیر کا ذمہ دار پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی آپریشنل سہولیات کو قرار دیا ہے۔ جی ایم ٹریفک طارق مجید کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹ اور اسکینرز کی مناسب سہولت نہ ہونے کے باعث سامان کی ترسیل میں تاخیر ہوتی ہے، جبکہ متعدد پروازوں کے بیک وقت اترنے سے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

پی آئی اے ترجمان عبداللہ خان نے کہا کہ اتھارٹی کی آپریشنل صلاحیت میں کمی کے باعث سامان کی بروقت ترسیل متاثر ہوتی ہے اور ایسے جرمانے معمول کی کارروائی کا حصہ ہیں، دیگر ایئرلائنز پر بھی جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق جرمانے کم یا ختم کروانے کے لیے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی سے بات چیت جاری ہے۔

More News