خیبر پختونخوا میں تعلیمی بھرتیاں 31 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

خیبر پختونخوا میں تعلیمی بھرتیاں 31 اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

پشاور: خیبر پختونخوا میں 2025-26 کی تعلیمی بھرتیوں کا عمل 31 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (مرد و خواتین) کو بھرتیوں کا عمل مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمے کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بعض اضلاع میں تعلیمی بھرتیوں کا عمل تاحال مکمل نہیں ہوسکا، جس کے باعث امیدواروں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ مراسلے کے مطابق بھرتیوں میں تاخیر سے تعلیمی اداروں میں تدریسی عملے کی بروقت فراہمی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

تمام ڈی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیرِ التوا تقرریوں کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں 19 جولائی 2024 کو منظور کی گئی ریکروٹمنٹ پالیسی سمیت تمام قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

محکمہ تعلیم نے متعلقہ افسران کو بھرتیوں کے عمل میں مقررہ طریقہ کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے، تاکہ تعلیمی اداروں میں خالی آسامیوں پر تقرریاں بروقت مکمل کی جاسکیں۔

More News