لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب آئی ای ڈی دھماکہ، ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار شہید
لکی مروت
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب نصب دیسی ساختہ بم کے دھماکے کے نتیجے میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سمیت 6 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا لکی مروت کے علاقے شادی خیل بیٹنی میں اس وقت ہوا جب پولیس موبائل رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب معمول کے گشت پر تھی۔ اسی دوران سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس نے پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا۔
دھماکے کے نتیجے میں تھانہ صدر کے ایس ایچ او اعظم اور پولیس ڈرائیور شاہ بہرام سمیت 6 اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ شہداء میں انسداد دہشت گردی فورس کے تین اہلکار بھی شامل ہیں جو پولیس کے ہمراہ گشت کر رہے تھے۔
واقعے میں پولیس اہلکار انصاف الدین شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکا مین روڈ شادی خیل تا مستی خیل بیٹنی پر پیش آیا جس کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔








