ابرار احمد کی شمولیت پر ٹیم کا ایکس اکاؤنٹ معطل

ابرار احمد کی شمولیت پر آئی پی ایل فرنچائز کی مالکن کو تنقید کا سامنا، ٹیم کا ایکس اکاؤنٹ معطل

لندن/نئی دہلی

پاکستان کے اسپنر ابرار احمد کو دی ہنڈرڈ لیگ کی ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے پر آئی پی ایل فرنچائز سے وابستہ ٹیم کی مالکن کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ ٹیم کا ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز آئی پی ایل فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد کی مالکن کاویا مران نے دی ہنڈرڈ لیگ میں اپنی ٹیم سن رائزرز لیڈز کے لیے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ میں حاصل کیا تھا۔

اس فیصلے کے بعد بھارت میں سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں متعدد صارفین نے فرنچائز انتظامیہ اور خاص طور پر کاویا مران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ناقدین کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں کسی پاکستانی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنا قومی جذبات کے خلاف اقدام سمجھا جا رہا ہے۔ اسی معاملے پر سوشل میڈیا پر بحث تاحال جاری ہے۔

دوسری جانب بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف کارروائی اور فرنچائز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

More News