خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 120 کیسز رپورٹ، تعداد 4 ہزار 219 ہوگئی

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 120 کیسز رپورٹ، تعداد 4 ہزار 219 ہوگئی

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 120 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 4 ہزار 219 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے میں ڈینگی کے 163 فعال کیسز موجود ہیں، جبکہ اب تک 4 ہزار 55 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، تاہم وائرس کے باعث اب تک ایک شخص جاں بحق ہو چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ضلع کوہاٹ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 659 جبکہ فعال مریضوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔

پشاور میں ڈینگی کے مجموعی کیسز 573 تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ اکتوبر کے دوران اب تک 216 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اسی طرح ضلع بنوں میں ڈینگی کے 33 اور ہنگو میں 10 فعال مریض زیرِ علاج ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں رپورٹ ہونے والی دو اموات کو لیبارٹری سے تصدیق نہ ہونے کے باعث ڈینگی سے متعلق ریکارڈ سے خارج کر دیا گیا ہے۔

More News