کے پی میں عید کے موقع پر ممکنہ ایمرجنسی کے پیش نظر ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

عیدالفطر پر ایمرجنسی خدشات، خیبرپختونخوا کے تمام ہسپتال ہائی الرٹ

پشاور: جنید طورو

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ہدایات پر محکمہ صحت نے عیدالفطر کے موقع پر ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہسپتالوں میں 24 گھنٹے ایمرجنسی سروسز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی روسٹرز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی افسر پیشگی اجازت کے بغیر اپنی ڈیوٹی اسٹیشن نہیں چھوڑ سکے گا، جبکہ ایمبولینس اور ریفرل سروسز کو مکمل طور پر فعال اور ہر وقت تیار رکھا جائے گا۔
محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں میں ادویات، آکسیجن، خون اور دیگر ضروری طبی سہولیات کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ حادثات اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات اور کنٹیجنسی پلان بھی تیار رکھا جائے۔
مزید برآں تمام ہسپتالوں میں صفائی، حفظانِ صحت اور انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ گلیات، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور دیگر سیاحتی و ٹرانزٹ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
ڈی جی ہیلتھ سروسز کے دفتر میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ اور رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ آئی ایم یو کے ذریعے ہسپتالوں کی کارکردگی، اسٹاف حاضری اور سروس ڈیلیوری کی مسلسل نگرانی کی جائے گی، جبکہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور رئیل ٹائم رپورٹنگ کے ذریعے فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ افسران کو فیلڈ وزٹس اور ورچوئل میٹنگز کے ذریعے نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے، جبکہ عوامی سہولت کے لیے ہیلپ لائنز کو فعال اور نمایاں طور پر مشتہر کیا جائے گا۔
تمام اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹس محکمہ صحت کے کنٹرول روم کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

More News