اسحاق ڈار کا اماراتی ہم منصب سے رابطہ، کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری پر زور
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النیہان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی صورتحال اور امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کشیدگی میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ بات چیت اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات میں پیش آنے والے واقعے میں تین پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور یو اے ای کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان عید کی مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا گیا، جبکہ باہمی رابطوں کو برقرار رکھنے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔








