سفارتکاری میں رازداری ناگزیر، پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پرعزم: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد:ویب ڈیسک
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتکاری اور مذاکرات کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے رازداری انتہائی ضروری ہوتی ہے، تاکہ مثبت اور نتیجہ خیز پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مذاکراتی عمل کی حساسیت کے پیش نظر اس میں رازداری برقرار رکھنا ناگزیر ہوتا ہے، تاکہ بات چیت کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور کسی بھی پیش رفت، فیصلوں یا نتائج کے حوالے سے سرکاری اعلانات کا انتظار کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔








