پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے حوالے سے محتاط طور پر پُرامید ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے محتاط طور پر پُرامید ہے۔
ایک انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا رواں ماہ دو مرتبہ تہران کا دورہ مثبت پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ان کوششوں کے نتائج کے بارے میں محتاط امید رکھتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ایسے طاقتور عناصر بھی موجود ہیں جو تنازع کے جاری رہنے کو اپنے مفاد میں سمجھتے ہیں اور امن کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتے ہیں، تاہم انہوں نے ان عناصر کی نشاندہی نہیں کی۔
انہوں نے تہران کے حالیہ دورے کی تفصیلات یا امریکا کی جانب سے ان کوششوں کی حمایت کے حوالے سے بات کرنے سے گریز کیا۔ دورے میں سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ تھے۔








