باجوڑ، مہمند اور خیبر کے نوجوانوں کا آئی جی ایف سی کے پی نارتھ کے ساتھ جرگہ
پشاور: باجوڑ، مہمند اور خیبر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور قلعہ بالاحصار کا دورہ کیا، جہاں ان کی آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج کے ساتھ اہم جرگے میں ملاقات ہوئی۔
جرگے کا مقصد نوجوان نسل کو نامزد اضلاع سے متعلق انتظامی اصلاحات، پالیسیوں اور نوجوانوں کے کردار سے آگاہ کرنا تھا۔
دورے کے دوران نوجوانوں نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ قلعہ بالاحصار کی تاریخی، دفاعی اور ثقافتی اہمیت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی کے پی نارتھ نے باجوڑ، مہمند اور خیبر کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں نوجوانوں کے مثبت اور تعمیری کردار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا فعال اور مثبت کردار ادا کریں۔
نوجوانوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایف سی خیبر پختونخوا نارتھ اور آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔








