پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور لو پریشر سے شہری پریشان

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش، شہریوں کو کھانا پکانے میں مشکلات

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور کم پریشر کی شکایات میں اضافہ ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ امور بالخصوص کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس کی عدم دستیابی نے گھریلو معمولات متاثر کر دیے ہیں، جبکہ شہری متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں شفیق آباد، بند روڈ، سمن آباد، شالیمار، باغبانپورہ، سلامت پورہ، داروغہ والا، یتیم خانہ اور مزنگ کے مکین گیس کی مسلسل بندش اور کم پریشر سے پریشان ہیں۔

شہریوں کے مطابق کھانے کے تینوں اوقات میں گیس کا پریشر انتہائی کم رہتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں دن بھر گیس دستیاب نہیں ہوتی۔ خاص طور پر صبح کے وقت گیس کی بندش کے باعث بچوں کو اکثر ناشتہ کیے بغیر اسکول جانا پڑتا ہے، جبکہ دوپہر اور رات کے کھانے کی تیاری بھی مشکل ہو جاتی ہے۔

شفیق آباد کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں کھانے کے تینوں اوقات میں بھی گیس دستیاب نہیں ہوتی، جس سے گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کے مطابق گیس کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث انہیں روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

گیس کی مسلسل عدم دستیابی کے باعث شہری ایل پی جی سلنڈروں اور لکڑی کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ متبادل ایندھن کے استعمال سے گھریلو اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور خصوصاً ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں مناسب پریشر فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔

More News