اے آر ڈی سی قیادت کا لنڈی کوتل کا پہلا باضابطہ دورہ، عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی
ضلع خیبر: مخصوص 12 اضلاع کی ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی) کے چیئرمین انجینئر شوکت اللہ خان اور وائس چیئرمین ملک خان مرجان وزیر نے لنڈی کوتل کا پہلا باضابطہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے سول انتظامیہ، پولیس حکام اور قبائلی عمائدین کے ہمراہ اہم جرگے میں شرکت کی۔
دورے کے دوران کونسل کے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے ممبران ملک صلاح الدین کوکی خیل، ملک عبدالرزاق زخہ خیل، حاجی شیرین آفریدی سپاہ، مولانا عزت اللہ ہم خیال اور ملک ظاہر شاہ اکاخیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔
جرگے میں ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی خان، ڈی پی او وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر علاقے کے عمائدین اور عوامی نمائندوں نے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی خدشات اور ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف بنیادی مسائل سے کونسل کی قیادت کو آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین انجینئر شوکت اللہ خان اور وائس چیئرمین ملک خان مرجان وزیر نے عمائدین کے مطالبات غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ عوام کے جائز مسائل متعلقہ اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے جبکہ ان کے پائیدار حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی کوشش کی جائے گی۔
کونسل قیادت کا کہنا تھا کہ حکومت کے اشتراک سے قبائلی اضلاع کی محرومیوں کے خاتمے، نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے گا۔








