کراچی پورٹ پر عملے کی دستاویزات میں بے ضابطگیاں، شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے جرمانہ
کراچی پورٹ پر لنگر انداز غیر ملکی بحری جہاز کے عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے متعلقہ شپنگ ایجنسی پر 35 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق بحری جہاز CS MARAM ابوظہبی کے پرچم تلے عمان کے شہر صلالہ سے کراچی پہنچا تھا۔ جہاز کیبل بچھانے اور مرمت کے منصوبے کے سلسلے میں گزشتہ تقریباً دو ماہ سے کراچی میں موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق کراچی پورٹ کے ویسٹ وارف، برتھ نمبر 25 پر امیگریشن کی جانچ پڑتال کے دوران جہاز کے 33 رکنی عملے میں شامل 7 غیر ملکی کیٹرنگ ملازمین کی دستاویزات میں خامیاں سامنے آئیں۔ ان ملازمین میں 4 نیپالی، ایک بنگلہ دیشی اور 2 ملاوی شہری شامل تھے، جو کک، اسسٹنٹ کک اور اسٹیورڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ان ملازمین کے پاس نیشنل سی مین بک، فلیگ سی مین بک اور دیگر لازمی بحری دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ اس کے علاوہ تربیتی سرٹیفکیٹس اور پیشہ ورانہ قابلیت سے متعلق ضروری دستاویزات بھی دستیاب نہیں تھیں۔
عملے کے ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پیشہ ور ملاح نہیں بلکہ کیٹرنگ اور مہمان نوازی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ دوسری جانب جہاز کے کپتان نے دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معذرت کی۔
ایف آئی اے نے متعلقہ شپنگ ایجنسی شراف شپنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کو 35 لاکھ روپے جرمانے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ شپنگ ایجنٹ نے جرمانے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور جانچ پڑتال جاری رہے گی۔








