پنجاب میں آئندہ چند روز کے دوران اسموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ، مریم اورنگزیب

پنجاب میں آئندہ چند روز کے دوران اسموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ، مریم اورنگزیب

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آئندہ چند روز کے دوران صوبے میں اسموگ کی شدت میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرحد پار ہونے والی آتش بازی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے باریک ذرات پنجاب میں فضائی آلودگی بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں، جس کے باعث آنے والے دنوں میں اسموگ کی صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسموگ پر قابو پانے کے لیے حکومتی کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں، جبکہ بھارت سے ملحق مشرقی کوریڈور کے قریب اسموگ گنز کا آپریشن بھی مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی میں کمی کے لیے مقامی سطح پر آلودگی پھیلانے والے ذرائع پر قابو پانا ضروری ہے، جس کے لیے عوام کو بھی حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ فصلوں کی باقیات، خصوصاً دھان کے مڈھ جلانے سے گریز کریں اور کوڑا کرکٹ، پلاسٹک سمیت دیگر فضلہ کھلے عام نہ جلائیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں اور مضر اخراج بھی اسموگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں، اس لیے گاڑیوں کی فٹنس اور اخراج کے مقررہ معیار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔

More News