معرکۂ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر پروقار تقریب، مفکرِ پاکستان کو شاندار خراجِ عقیدت
لاہور: معرکۂ حق کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ماہرینِ تعلیم اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے “لب پہ آتی ہے دعا” سمیت کلامِ اقبال پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ طلبہ و طالبات نے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور عقیدت کا اظہار کیا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی کلامِ اقبال پیش کر کے تقریب کو گرما دیا جبکہ میمونہ ساجد نے “ہر لحظہ ہے مومن کی نئی آن نئی شان” پیش کر کے خوب داد سمیٹی۔
تقریب میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر، فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، کنیرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی کی پرنسپل ڈاکٹر ارم، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرو ریکٹر ڈاکٹر اعجاز اللہ چیمہ، پنجاب یونیورسٹی کی ڈین ڈاکٹر بسیرا امبرین، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی ڈین ڈاکٹر ریحانہ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر شہزاد حسین، سپیریئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نظام اور پروفیسر ڈاکٹر ندیم جعفر سمیت دیگر ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔
مقررین نے علامہ اقبالؒ کے فلسفۂ خودی اور دو قومی نظریے کو اجاگر کرتے ہوئے معرکۂ حق کی کامیابی کو اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر قرار دیا۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قومی یکجہتی، نظریۂ پاکستان اور حب الوطنی کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی جبکہ مقررین نے فکرِ اقبال کو نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔








