اسپین میں مہنگائی اور رہائشی بحران کے خلاف ملک گیر ہڑتال، بارسلونا میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں، درجنوں گرفتار
اسپین میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، رہائش کے بحران اور کرایوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف 14 برس بعد ملک گیر عام ہڑتال کی گئی، جس کے دوران دارالحکومت میڈرڈ سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ بارسلونا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جبکہ مختلف واقعات میں درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ہڑتال کی اپیل مختلف مزدور یونینوں کی جانب سے کی گئی تھی، جس میں رہائش کے بڑھتے اخراجات، مہنگے کرایوں اور عام شہریوں کی قوت خرید میں کمی کے خلاف آواز اٹھائی گئی۔ احتجاج کے باعث ملک بھر میں ٹرانسپورٹ، صنعتی سرگرمیاں اور دیگر عوامی خدمات متاثر ہوئیں، جبکہ متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی معطل رہی۔
دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، جبکہ بارسلونا میں 50 ہزار سے زائد افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ بارسلونا کے مرکزی علاقوں میں شام کے وقت حالات کشیدہ ہوگئے، جہاں نقاب پوش مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا۔ اس دوران مختلف مقامات پر کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی گئی، دکانوں کے شیشے توڑے گئے اور پولیس پر آتش بازی کا سامان پھینکنے کے واقعات بھی پیش آئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق بعض دکانوں کو نقصان پہنچایا گیا، جبکہ ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی گئی۔ وزارت داخلہ نے مختلف واقعات کے دوران درجنوں افراد کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
احتجاج میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات میں تنخواہوں اور اخراجات کے درمیان فرق مسلسل بڑھ رہا ہے۔ 37 سالہ ٹیچر اولگا ڈومنگو کے مطابق رہائش کے اخراجات ناقابل برداشت ہوچکے ہیں اور عام شہریوں کے لیے موجودہ آمدنی میں زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے۔
اسپین میں رہائشی بحران اس وقت مزید نمایاں ہوا جب 87 سالہ ماری کارمین اباسکال کو میڈرڈ کے اس فلیٹ سے بے دخل کردیا گیا جہاں وہ سات دہائیوں سے رہائش پذیر تھیں۔ چند ہفتوں بعد ان کی اسپتال میں موت ہوگئی، جس کے بعد رہائشی حقوق کی تحریک کو مزید تقویت ملی۔
اعداد و شمار کے مطابق میڈرڈ میں 50 مربع میٹر کے فلیٹ کا اوسط ماہانہ کرایہ تقریباً 1170 یورو ہے، جبکہ ملک میں اوسط ماہانہ تنخواہ 2460 یورو کے قریب ہے۔ یوں شہریوں کو اپنی آمدنی کا تقریباً نصف حصہ رہائش پر خرچ کرنا پڑ رہا ہے۔
ادھر 29 نومبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل یہ ہڑتال سیاسی اہمیت بھی اختیار کرگئی ہے۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے مزدوروں کے حق ہڑتال کی حمایت کی، جبکہ اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے حکومت پر سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا ہے۔ قومی گرڈ آپریٹر کے مطابق ہڑتال کے دوران بجلی کی طلب میں تقریباً 7.5 فیصد کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔








