پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا شوگر انڈسٹری کو ڈی ریگولیٹ کرنے اور چینی برآمد کرنے کا مطالبہ

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا شوگر انڈسٹری کو ڈی ریگولیٹ کرنے اور چینی برآمد کرنے کا مطالبہ

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے چینی کی فوری برآمد کی اجازت دینے اور شوگر انڈسٹری کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومتی وعدوں کے باوجود اب تک مقررہ کوٹے کے تحت چینی برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس بیک وقت لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے شوگر مل مالکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شوگر انڈسٹری کی موجودہ صورتحال، چینی کی پیداوار اور بھاری فاضل ذخائر کا جائزہ لیا گیا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق دو لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت کے باوجود ملک میں تقریباً 11 لاکھ ٹن اضافی چینی کے ذخائر موجود ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے وعدوں کے باوجود مقررہ کوٹے کی برآمد کی اجازت تاحال نہیں دی گئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی کے اضافی ذخائر اور موجودہ کاروباری صورتحال کے باعث شوگر ملز چلانا ممکن نہیں رہا، جس سے پوری انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت چینی کی برآمد میں حائل رکاوٹیں دور کرے اور شوگر انڈسٹری کو ڈی ریگولیٹ کیا جائے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق مل مالکان 16 نومبر کو پریس کانفرنس کریں گے، جس میں انڈسٹری کے مستقبل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔

More News