سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں، صحافت کا کردار کلیدی ہے، صدر مملکت

سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں، صحافت کا کردار کلیدی ہے: صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں اور موجودہ دور میں ڈس انفارمیشن جمہوری مکالمے کو مسخ کر رہی ہے، اس لیے صحافت کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خبروں کی اشاعت میں رفتار کے بجائے درستگی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو ہراسانی اور دباؤ کا سامنا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غیر ذمہ دارانہ استعمال بھی تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف منظم جھوٹی مہمات جاری ہیں تاہم قومی اتحاد کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا گیا۔ صدر کے مطابق میڈیا نے جھوٹ کا جواب حقائق سے دیا اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان صحافت کی آزادی کے لیے پُرعزم ہے اور آئین کا آرٹیکل 19 آزادی اظہار اور آزادی صحافت کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا کو اعلیٰ اخلاقی معیار برقرار رکھنا ہوگا کیونکہ احتساب اور شفافیت کے لیے آزاد صحافت ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جھوٹ کو مسترد کریں اور سچ کا ساتھ دیں، کیونکہ آزاد میڈیا ہی قوم کی مضبوطی کی علامت ہے۔

More News