باجوڑ میں دہشتگرد حملے ناکام، 9 حملہ آور ہلاک، 4 سکیورٹی اہلکار شہید
باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے 9 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا، جبکہ مقابلے کے دوران 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے مینا اور عنایت کلے کے علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد موقع پر مارے گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج کے خلاف کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کے 4 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
واقعے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق علاقے میں صورتحال قابو میں ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔








