پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنی جماعت کے اندر پیدا ہونے والی ناراضگی کو ختم کرنے اور ناراض اراکین اسمبلی کو دوبارہ اعتماد میں لینے کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے حالیہ دنوں میں متعدد ایم پی ایز سے براہ راست رابطے شروع کیے ہیں تاکہ ان کے تحفظات کو دور کیا جا سکے اور تنظیمی سطح پر پیدا ہونے والی خلیج کو کم کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سہیل آفریدی رات گئے ایم پی اے عبدالغنی آفریدی کی رہائش گاہ بھی پہنچے جہاں اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں پارٹی کے اندرونی معاملات، حلقے کے مسائل اور ضلع خیبر کی مجموعی ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کو پارٹی سطح پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے صرف ایک ملاقات تک محدود نہیں رہے بلکہ متعدد ناراض ارکان اسمبلی سے ٹیلیفونک رابطے بھی کیے ہیں۔ ان رابطوں کا مقصد ان ارکان کے تحفظات کو سننا اور انہیں حل کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کرنا بتایا جا رہا ہے۔ بعض اراکین نے اپنے خدشات اور شکایات مرکزی قیادت کے سامنے بھی پیش کی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت نے بھی وزیراعلیٰ پر زور دیا ہے کہ وہ ناراض ارکان کو مناسب طور پر ایڈجسٹ کریں اور ان کے تحفظات کو سنجیدگی سے حل کریں تاکہ پارٹی میں اتحاد برقرار رکھا جا سکے۔
دوسری جانب ایم پی اے عبدالغنی آفریدی نے ملاقات سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سے ضلع خیبر کی ترقی، عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے اس ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا ہے۔
مجموعی طور پر یہ پیش رفت پارٹی کے اندرونی اختلافات کو کم کرنے اور سیاسی ہم آہنگی پیدا کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔








