کورنگی میں ایم کیو ایم کا راج ختم، اب کام ہوگا: مرتضیٰ وہاب
کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کورنگی میں ایم کیو ایم کے سابق سیاسی اثر و رسوخ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ماموں اور مرغا‘‘ بننے کا وقت ختم ہوچکا، اب صرف کام ہوگا۔
کورنگی نمبر 5 فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورنگی میں مختلف سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی کازوے، تاج حیدر فلائی اوور، کورنگی لانڈھی فلائی اوور، کورنگی ڈھائی نمبر برج اور عظیم پورہ فلائی اوور سمیت متعدد منصوبے تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ شاہراہ بھٹو بھی پیپلز پارٹی کی حکومت نے بنائی۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق کورنگی میں 2 ارب جبکہ لانڈھی میں بھی 2 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا پیغام واضح ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے عملی کام کیا جائے، کیونکہ عوام خود ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا مقصد عوامی خدمت اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم اسی وژن کے تحت مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کورنگی اور لانڈھی کے صنعتی علاقوں کیلئے مجموعی طور پر ۴ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن کا مقصد صنعتی علاقوں کی حالت بہتر بنانا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انڈس اسپتال سندھ حکومت کا سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہے، جبکہ کورنگی میں آٹزم کے مریضوں کیلئے بڑا مرکز بھی تعمیر کیا جارہا ہے، جسے ’’انکلوژیو سٹی‘‘ کا نام دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ حکومت عوام کو ساتھ لے کر چلنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق سڑکوں اور دیگر منصوبوں کا مقصد شہریوں کے مسائل کم کرنا اور کراچی میں ترقی کا عمل تیز کرنا ہے۔







