لکی مروت پولیس امن کمیٹی کا ضابطہ اخلاق پر دستخط، قانون کی پابندی کی یقین دہانی

لکی مروت پولیس امن کمیٹی کا ضابطہ اخلاق پر دستخط، قانون کی پابندی کی یقین دہانی

لکی مروت: پولیس امن کمیٹی نے ایم این اے شیر افضل مروت، ڈی پی او، علاقہ عمائدین اور آر پی او بنوں کی موجودگی میں قانون کے دائرے میں رہنے اور نظم و ضبط کی پابندی کی تحریری یقین دہانی کرا دی۔

ضابطہ اخلاق کے تحت امن کمیٹی کو نجی مسلح گروہ یا متوازی پولیس کے طور پر کام کرنے سے روک دیا گیا ہے، جبکہ تمام کارروائیاں آئین اور قانون کے مطابق کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

امن کمیٹی نے کسی بھی شخص کو غیرقانونی طور پر حراست میں رکھنے، جبری گمشدگی، ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں کے خاتمے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ زیرحراست افراد کی گرفتاری قانونی طور پر ظاہر کرکے مقدمات متعلقہ اداروں کے حوالے کیے جائیں گے۔

ضابطے کے مطابق سرکاری اختیارات اور وسائل کے غلط استعمال پر پابندی ہوگی۔ غیر متعلقہ افراد پولیس، سی ٹی ڈی یا فوج کی وردی پہننے، خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرنے یا سرکاری اسلحہ، گاڑیاں اور دیگر وسائل ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے۔

امن کمیٹی کے اہلکاروں کو اپنی اصل ڈیوٹیوں پر واپس لانے جبکہ اہم شخصیات کے ساتھ غیرقانونی طور پر تعینات اہلکاروں کو ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ضابطہ اخلاق کے تحت احتجاج، دھرنوں، سڑکوں کی بندش، سرکاری امور میں رکاوٹ اور سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔

امن کمیٹی اراکین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کوئی فرد اپنی مرضی سے کارروائی نہیں کرے گا، جبکہ سوشل میڈیا پر بلااجازت محکمانہ یا آپریشنل معلومات شیئر کرنے پر پابندی ہوگی۔

ضابطے کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اراکین کو قانون کے مطابق جواب دہ ہونا ہوگا۔

More News