خیبرپختونخوا میں شدید طوفان، 2 افراد جاں بحق، 31 زخمی
پشاور:جنید طورو
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بدھ کے روز آنے والے شدید طوفان، گرد آلود ہواؤں اور بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 31 افراد زخمی ہوگئے۔ تیز ہواؤں کی رفتار 40 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جس سے متعدد علاقوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں اچانک آنے والی طوفانی ہواؤں کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے۔ مختلف مقامات پر درخت، بجلی کے کھمبے، سائن بورڈز اور دیواریں گر گئیں جبکہ گھروں اور عمارتوں پر نصب سولر پینلز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق پشاور میں مختلف حادثات کے دوران کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے۔
ادھر بنوں میں طوفان کے باعث گھروں، دکانوں اور دیگر عمارتوں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوگئیں، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو ملبے سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ہنگو میں فیڈرل کانسٹیبلری کی سنگر چیک پوسٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
شدید طوفان کے باعث پشاور اور گردونواح کے علاقوں میں پھلوں کے باغات کو بھی نقصان پہنچا۔ آم اور دیگر موسمی پھلوں کے درخت متاثر ہوئے جبکہ متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ وسطی اضلاع میں گھروں اور دکانوں پر نصب سولر سسٹمز، شٹرز اور دیگر ڈھانچوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔
طوفان اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی، سڑکوں پر ملبہ پھیل گیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کے تخمینے میں مصروف ہیں جبکہ بجلی کی بحالی اور متاثرہ انفراسٹرکچر کی مرمت کا کام بھی جاری ہے۔
ماہرین موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔








