خیبرپختونخوا بجٹ آج اسمبلی میں پیش ہوگا، حکومتی و اپوزیشن مشاورت تیز

خیبرپختونخوا بجٹ آج اسمبلی میں پیش ہوگا، حکومتی و اپوزیشن مشاورت تیز

پشاور: خیبرپختونخوا کا مالی سال 2026-27 کا بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جبکہ بجٹ اجلاس سے قبل حکومتی اور اپوزیشن حلقوں میں مشاورت کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بجٹ اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں بجٹ تجاویز اور اسمبلی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے بھی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی بجٹ، حکومتی مالی پالیسیوں اور اپوزیشن کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔

سیاسی حلقوں کے مطابق بجٹ اجلاس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکین کا بھی ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ سابق اسپیکر مشتاق غنی کے مطابق ناراض اراکین کا اجلاس اسمبلی احاطے سے باہر منعقد ہوگا، جس میں بجٹ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مشتاق غنی نے کہا کہ بجٹ پر ووٹنگ کے معاملے میں حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اراکین کی آراء اور تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ادھر صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر سیاسی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور حکومتی و اپوزیشن اراکین کی نظریں آج کے اہم اجلاسوں اور بجٹ سیشن پر مرکوز ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے اہم مالی تجاویز شامل ہوں گی۔

More News