سولر پینلز اور بیٹریز کی قیمتوں میں نمایاں کمی، مزید کمی کا امکان
اسلام آباد: ملک بھر میں سولر توانائی کے صارفین کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں گزشتہ چند روز کے دوران سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ آنے والے ہفتوں میں مزید کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف واٹ کے سولر پینلز کی قیمتوں میں تقریباً 2 ہزار روپے تک کمی واقع ہوئی ہے۔ بجٹ میں سولر سسٹمز پر ٹیکس بڑھنے کی افواہیں غلط ثابت ہونے کے بعد مارکیٹ میں قیمتوں کا رجحان نیچے آنا شروع ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران سولر پینلز کی قیمتوں میں مزید 7 ہزار روپے تک کمی کا امکان موجود ہے، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین کو خاطر خواہ ریلیف مل سکتا ہے۔
دوسری جانب لیتھیئم بیٹریز کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق بیٹریز کی قیمتوں میں 25 ہزار روپے سے لے کر 2 لاکھ روپے تک کمی آ سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ سے قبل بعض درآمد کنندگان اور دکانداروں نے ممکنہ ٹیکس اضافے کی خبروں کے باعث سولر پینلز کی قیمتوں میں 5 سے 7 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا تھا، جبکہ بیٹریز کی قیمتیں بھی غیر معمولی طور پر بڑھا دی گئی تھیں۔
تاہم بجٹ میں سولر سسٹمز پر سیلز ٹیکس 11 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کیے جانے کی اطلاعات درست ثابت نہ ہوئیں، جس کے بعد مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں کمی سے سولر توانائی کے منصوبوں کو فروغ ملے گا اور زیادہ صارفین متبادل توانائی کی جانب راغب ہوں گے۔








